• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم یلو لائن منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کر کے دے رہے ہیں: شرجیل میمن

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سینئر صوبائی وزیر اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ہم یلو لائن منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کر کے دے رہے ہیں۔

 سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پر تنقید ہوتی رہتی ہے، لیکن ہم دن اور رات کوشش کر رہے ہیں کہ یہ پروجیکٹ چل سکے، ہماری یہ سوچ نہیں ہے کہ تاخیر کرو تو پیسے بڑھیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ گرین لائن کا کہا گیا تھا کہ روزانہ1 لاکھ سے زائد افراد سفر کریں گے، اس وقت گرین لائن اور اورنج لائن پر روزانہ 65 ہزار افراد سفر کرتے ہیں۔ 

سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت ریڈ لائن بی آر ٹی پر تنقید ہو رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے ریڈ لائن میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوئی، پہلے بس ڈپوز پر تنازع چل رہا تھا، پھر سول ایوی ایشن نے کہا کہ یہاں کام نہیں ہوسکتا، ریڈ لائن کے بیشتر ایشوز ہیں۔

انہوں نے گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق کہا کہ پورے سندھ میں پہلے 2 انسپکٹرز تھے جو گاڑیوں کی فٹنس دیکھتے تھے، اب سندھ حکومت نے مشنری کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ گاڑیوں کی فٹنس لازمی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ اس پر کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم خواتین کو مفت پنک ای وی اسکوٹرز دے رہے ہیں، خواتین کے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 7 ہزار نئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ پاکستان کی پہلی ای وی بس سندھ میں لائی گئی، اب ہم ای وی ٹیکسیاں شروع کرنے جا رہے ہیں، ای وی پنک ٹیکسیز میں خواتین ڈرائیور ہوں گی۔

شر جیل میمن کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں ایم وی آئی کو ڈیجیٹل کر رہے ہیں، وہیکل سرٹیفکیٹ آن لائن کیا ہے اور گاڑی کی چیکنگ مشین کے ذریعے ہوگی، اب کیو آر کوڈ کے ساتھ سرٹیفکیٹ جاری ہو گا اور ڈیجیٹل ہو گا.

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے ایک ایپ بنائی جس پر 1 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، پرائیوٹ اور سرکاری ادارے اپنی نوکریاں اس ایپ پر ڈال رہے ہیں۔ پلمبر ہو یا انجینئر تمام نوکریوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ جاب پورٹل پر درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید