سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے، الیکٹرک وہیکل سیکٹر میں غیرمعمولی پیش رفت چاہتے ہیں۔
شرجیل میمن اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے وفد کی ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ممکنہ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اے ڈی بی کے وفد نے سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند سمجھتے ہیں، ہماری حکومت پبلک ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلی کے لیے پُرعزم ہے، ہم پہلے ہی پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس شروع کر چکے ہیں، دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولتیں دے رہے ہیں۔