نبیل احمد قریشی، لاہور
دُنیا کی سب سے قیمتی متاع ’’وقت‘‘ ہے۔ کچھ لوگ وقت کا بہتر استعمال کر کے کام یاب ہو جاتے ہیں، تو کچھ اُسے لغویات کی نذرکر دیتے ہیں اور پھر کفِ افسوس مَلتے رہتے ہیں۔ زندگی میں کام یابی کے لیے وقت کی اہمیت سمجھنا اور اُس کا بہترین استعمال انتہائی ضروری ہے۔ ذیل میں ٹائم مینجمنٹ کے فوائد، اصول اور اُسے بہتر بنانے کے چند طریقے پیش کیے جا رہے ہیں۔
تاہم، آگے بڑھنے سے قبل ہم بتاتے چلیں کہ ٹائم مینجمنٹ سے مُراد اپنے وقت کو اِس انداز سے منظّم کرنا ہے کہ ہم اپنے کاموں کو مقرّرہ وقت پر بحُسن و خوبی انجام دے سکیں۔ نیز، ٹائم مینجمنٹ کا مقصد صرف وقت کی بچت نہیں بلکہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے وقت کا دُرست استعمال بھی ہے۔
ٹائم مینجمنٹ کے فوائد
ٹائم مینجمنٹ سے بیش بہا ثمرات حاصل کیے جا سکتے ہیں، جن سے ہماری زندگی میں کئی مثبت تبدیلیاں ممکن ہیں۔ ذیل میں ٹائم مینجمنٹ کے چند اہم فوائد پیش کیے جا رہے ہیں۔
1 ۔ پیداواری صلاحیت میں اضافہ: جب ہم وقت کا منظّم طریقے سے استعمال شروع کرتے ہیں، تو سب سے پہلے ہماری پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے، کیوں کہ جب ہم اس اَمر کا تعیّن کر لیتے ہیں کہ کون سا کام کب اور کتنی دیر میں انجام دینا ہے، تو ہم کم وقت میں زیادہ کام انجام دے پاتے ہیں۔
2۔ پریشانیوں، ذہنی دباؤ میں کمی: ٹائم مینجمنٹ کے نتیجے میں نہ صرف زندگی میں توازن پیدا ہوتا ہے بلکہ مقرّرہ وقت میں مخصوص کام انجام دینے سے ذہنی دباؤ میں بھی خاصی کمی واقع ہوتی ہے۔
3۔ اہم کاموں کی بروقت تکمیل: ٹائم مینجمنٹ کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ہم کاموں کی اہمیت کے اعتبار سے اُن کے اوقات اور دورانیہ طے کرلیتے ہیں۔ یوں ضروری امور پہلے اور کم اہم کام بعد میں انجام دیئے جاتے ہیں۔
4۔ زندگی میں توازن: وقت کے دانش مندانہ استعمال کے سبب ہماری زندگی میں توازن پیدا ہوتا ہے اور مصروفیات کے باوجود ہم ذہنی و جسمانی صحت، تفریحِ طبع، فیملی اور دوستوں کے لیےوقت نکالنے میں کام یاب ہوجاتے ہیں، جس سے ذہنی سُکون و راحت حاصل ملتی ہے۔
5۔ وقت کی بچت: چُوں کہ ٹائم مینجمنٹ کے سبب ہم اہم کاموں کی انجام دہی کو ترجیح دیتے اور غیرضروری کاموں سے گریز کرتے ہیں، تو ہمیں ضروری کاموں پر توجّہ مرکوز کرنے کا خاصا وقت مل جاتا ہے اور یوں ہم انہیں بحُسن و خوبی انجام دے پاتے ہیں۔
ٹائم مینجمنٹ کے اہم اصول
ٹائم مینجمنٹ کے کچھ اہم اصول ہیں، جن کی مدد سے ہم اپنے وقت کو بہت بہتر طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ ذیل میں وہ اصول پیش کیے جا رہے ہیں۔
1۔ اہداف کا تعین: ٹائم مینجمنٹ کا پہلا اور اہم اصول یہ ہے کہ ہم اپنے اہداف کا تعیّن کریں، کیوں کہ اگر مقاصد اوراہداف واضح نہ ہوں، تو ہم اپنا زیادہ تر وقت اور توانائیاں غیرضروری اور کم اہم کاموں پر صَرف کرتے ہیں۔
سو، ٹائم مینجمنٹ کا پہلا اہم اصول یہ ہے کہ اپنے اہداف کاواضح طور پر تعیّن کرنے کے بعد اُنہیں مختصر، درمیانے اور طویل المدّت اہداف کے درجات میں تقسیم کریں۔ یوں ہم اپنے وقت کو بہت بہتر طریقے سے استعمال کرسکتے ہیں۔
2۔ ترجیحات طے کریں: وقت کے بہتر استعمال کے لیے اپنی ترجیحات طے کریں۔ یاد رہے، اہمیت کے اعتبار سے سارے کام ایک سے نہیں ہوتے اور اگر ہم تمام کاموں کو یک ساں اہمیت دیں گے، تو ہمیں خاصی مشکل پیش آ سکتی ہے۔ لہٰذا،ضروری کاموں کو کم اہم اور غیر ضروری کاموں پر ترجیح دینا ناگزیر ہے۔
3۔ منصوبہ بندی: کام یاب ٹائم مینجمنٹ کے لیے منصوبہ بندی نہایت ضروری ہے، کیوں کہ اچّھی پلاننگ ہی یہ بتاتی ہےکہ کون سا کام کب اورکیسےکرنا ہے۔اگر ہم ایک شیڈول کے مطابق اپنے سارے کام سرانجام دیتے ہیں، تو وقت ضایع کیے بغیر اپنے دن کو منظّم اندازسے گزار سکتے ہیں۔ تاہم، اس مقصد کے لیے رات سونے سے قبل یا صبح سویرے دن بھر کے کاموں کی فہرست بنانی اور اُن کا شیڈول مرتّب کرنا ہوگا۔
4۔ کاموں کے التوا سے بچاؤ: کاموں کا بِلاعذر التوا ایک بُری عادت ہے، جو وقت ضائع کرنے کا سبب بنتی ہے اور اس عادت سے بچنے کے لیے ہمیں اپنی زندگی میں نظم وضبط لانا چاہیے اور ضروری کاموں کو بروقت انجام دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔
5۔ ذہنی انتشار سے گریز: عصرِحاضر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ ذہنی انتشار کا ایک بڑا سبب ہیں، کیوں کہ موبائل فون پر وقتاً فوقتاً آنے والے نوٹی فکیشنز ہماری توجّہ کام سے ہٹا دیتے ہیں۔ اگر ہم ٹائم مینجمنٹ سے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں، توان نوٹی فکیشنز سمیت دیگر ایسی چیزوں سے گریزکرنا ہوگا کہ جو کام کی بروقت تکمیل میں رُکاوٹ بنتی ہیں۔
ٹائم مینجمنٹ کے عملی طریقے
ٹائم مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے کچھ عملی طریقے ہیں، جن کی مدد سے ہم اپنے وقت کو بہترین طریقے سے استعمال کرسکتے ہیں۔
1۔ ٹاسک لسٹ بنائیں: ہر رات سونے سے پہلے یا صبح بے دار ہونے کے بعد دن بھرکے ضروری کاموں کی ایک فہرست تیار کریں، جسے ’’ٹاسک لسٹ‘‘ کہا جاتا ہے اور اسے اپنی ترجیحات کے مطابق ترتیب دیں۔ واضح رہے کہ جب ہم اپنے کاموں کی فہرست تیار کرتے ہیں، تو ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے کون سا کام پہلے اور کون سا بعد میں انجام دینا ہے۔
2۔ پومودورو تیکنیک: پومودورو تیکنیک ایک ایسا طریقہ ہے کہ جس میں 25 منٹ تک ایک کام پر اپنی پوری توجّہ مبذول کرتے ہیں اور پھر 5 منٹ کا وقفہ لیتے ہیں اور کام کی تکمیل تک باربار یہی طریقہ دُہراتے ہیں۔ یہ تیکنیک اپنے کام پر توجّہ مرکوز رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے اور یوں ہم کم وقت میں زیادہ کام کرپاتے ہیں۔
3۔ مشکل ترین کام پہلے: اس تیکنیک کو’’ Eat that Frog‘‘ (دن بھر میں سب سے اہم یا چیلنجنگ کام سے نمٹنے کے لیےاستعمال ہونے والا ایک استعارہ) بھی کہا جاتا ہے، جس میں مشکل ترین کام سب سے پہلے مکمل کرنا ہوتا ہے۔ یاد رہے، جب ہم سب سےمشکل کام سب سے پہلے پایۂ تکمیل تک پہنچاتے ہیں، تو باقی سارے کام نہایت اعتماد اور تیزی سے انجام دے پاتے ہیں۔
4۔ وقت کا جائزہ لیں: ہر چند روز بعد اس بات کاجائزہ لینا چاہیے کہ ہمارا وقت کہاں صَرف ہو رہا ہے کہ اس تجزیے سے ہمیں اپنا وقت اور توانائیاں مفید کاموں پر خرچ کرنے میں مدد ملتی ہے۔
6۔ انکار کرنا سیکھیں: غیرضروری اور غیر متعلقہ کاموں سے انکارکیے بغیر ٹائم مینجمنٹ کام یاب نہیں ہوسکتی۔ واضح رہے کہ وقت کے بہتراستعمال کےلیےاُن تمام غیرضروری کاموں سے انکارلازم ہے کہ جو ہمارے اہداف کے حصول میں رُکاوٹ بنتے ہیں۔