• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے کردار پر سوال اٹھایا ہے: بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر—فائل فوٹو
بیرسٹر گوہر—فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے کردار پر سوال اٹھایا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے بعد یہ اہم پارلیمانی میٹنگ ہے جس میں اہم امور پر بات ہو گی، جمشید دستی کی نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا جائزہ لیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ صادق اور امین کا معاملہ پھر سے سامنے آیا ہے، یہ بڑی بدقسمتی ہے، سپریم کورٹ نے واضح کر رکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کسی رکن کو صادق اور امین قرار دینے کا اختیار نہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 62 ون ڈی کو سپریم کورٹ نے دہری شہریت سے متعلق پہلی بار استعمال کیا تھا، بہت زیادہ ہوگیا ہے، اب ان چیزوں کو ختم ہونا چاہیے۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ پر بات آئی تو صادق اور امین کا معاملہ یاد آ گیا، نواز شریف کی باری پر تو جشن منایا تھا؟

بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ صادق اور امین کا معاملہ 2010ء میں عروج پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک بانیٔ پی ٹی آئی ناموں کو تبدیل نہیں کرتے تب تک بیرسٹر سیف کے دیے گئے نام ہی فائنل تصور کیے جائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ آنے کے بعد ایوان کی صورتِ حال تبدیل ہوئی ہے جس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا فوکس اپنی سیٹوں کو بچانے پر ہے اس لیے اپنی اسٹریٹجی تبدیل کی ہے، ہارس ٹریڈنگ کسی بھی الیکشن اور کسی بھی سطح پر نہیں ہونی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہم پارٹی میں جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ بانیٔ پی ٹی آئی کے حکم پر کر رہے ہیں، پارٹی میں ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہوتا، اوّل و آخر ایجنڈا بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔

قومی خبریں سے مزید