• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان کے شہر خانکندی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 17؍ویںسربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی کانفرنس میں شریک رہنمائوں سے الگ الگ ملاقات اور دوران اجلاس پاکستانی وزیراعظم سمیت ’’ایکو ‘‘کے رکن ممالک کے رہنمائوں کے خطاب سے علاقائی اتحاد و یکجہتی کی جوناگزیر یت واضح ہوئی، اس کی بنا پر یہ توقعات بے محل نہیں کہ مذکورہ تنظیم کے رُکن ممالک میں مختلف سطحوں پر تیز تر رابطے کی صورت میں علاقائی و عالمی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کی مشترکہ حکمت عملی بروئے کار آتی محسوس ہوگی۔ اسی دوران آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کئے جانے کی صورت میں ایک حوصلہ افزاعملی پیش رفت بھی نظر آئی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیا ن نے حالیہ بحران کے دوران ایران کیلئے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف، میزبان ملک آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیںمثبت علاقائی پیش رفتوں کاذریعہ ہوسکتی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے کانفرنس سے خطاب میں گلوبل وارمنگ سے لاکھوں افراد کے غذائی عدم تحفظ اورمسائل روزگار سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت اجاگر کی ۔ شہباز شریف نےواضح کیا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کا بھارتی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا۔ پاکستان کے خلاف بھارت، اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کیلئے عالمی قوانین کے مطابق پائیدار اقدامات کی ضرورت اجاگر کی۔ توقع کی جانی چاہئے کہ ’’ایکو‘‘ کے 17ویں سربراہی اجلاس کے نتیجے میں علاقائی تعاون ترقی، ماحولیاتی بہتری ، امن دوست فضا کے قیام کے لئے اقدامات زیادہ تیزی سے بروئے کار آتے نظر آئیں گے۔

تازہ ترین