کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی محمد عظیم خان کاکڑ نے کہا ہے کہ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم رکھنا بڑا چیلنج ہے ، صوبے کے دور دراز علاقوں میں بہبود آبادی کے یونٹ قائم کرکے عوام میں شعور اجاگر کررہے ہیں ،اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے تعاون کی ضرورت ہے،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں ورلڈ پاپولیشن ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ڈاکٹر امبرین مینگل ، عبدالستار شاہوانی ، جمعہ خان کاکڑ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 11 جولائی کو ورلڈ پاپولیشن ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے ۔ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔ محکمہ بہبود آبادی نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں یونٹس قائم کیے ہیں جبکہ تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درست اور موثر معلومات فراہم کرنے پر کام کیا جارہا ہے اس سلسلے میں میڈیا ، اساتذہ کرام ، علمائے کرام اور قبائلی عمائدین سے تعاون کی اپیل ہے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے متعدد اقدامات میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں علمائے کرام کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔