وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ دانش اسکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے، اساتذہ اور اسٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی، چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں دانش اسکولز میں صورت جو پودا لگایا تھا وہ تناور درخت بن چکا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش اسکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دانش اسکولز اور یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ دی جائے۔ طلبہ دانش اسکولز سے فارغ التحصیل ہو کر دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کی خدمت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پورے ملک میں دانش اسکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہوں گے، ہر طبقے کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔