• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے مصور کاکڑ کے اغواء و قتل میں ملوث گینگ کی نشاندہی ہوگئی: ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز گورایہ اور ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند کی پریس کانفرنس—’جیو نیوز‘ گریب
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز گورایہ اور ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند کی پریس کانفرنس—’جیو نیوز‘ گریب

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کوئٹہ اعتزاز گورایہ کا کہنا ہے کہ معصوم بچے مصور کاکڑ کے اغواء میں ملوث گینگ کی نشاندہی ہو گئی ہے، سریاب سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے، یہ افغان شہری دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

معصوم بچے مصور کاکڑ کے اغواء و قتل اور ژوب واقعے کے حوالے سے کوئٹہ میں ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند کے ہمراہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز گورایہ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سریاب سے دہشت گرد اشرف کو گرفتار کیا، بچے کے اغواء والی گاڑی ہماری تحویل میں ہے، بچے کے اغواء کا معاملہ تاوان کے لیے تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں وہ روٹ بھی دکھایا گیا کہ کونسا روٹ استعمال کیا گیا، جن لوگوں نے سہولت کاری کی، اس جگہ آپریشن کی منصوبہ بندی کی، جو جو پیش رفت ہوئی وہ تمام فیملی کو بتائیں، جو بھی اس بچے کے کیس میں ملوث تھے وہ ضرور کیفرِ کردار کو پہنچیں گے۔

اعتزاز گورایہ کا کہنا ہے کہ گاڑی افغانستان سے لائی گئی تھی، اس کیس میں ہشام نامی شخص گرفتار ہے، اس نے 2 بندوں کی نشاندہی کی، اس کیس میں وہ 2 ملزمان ابھی بھی مفرور ہیں، اغواء میں استعمال گاڑی ہم پکڑ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصور کاکڑ کے اغواء میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، مصور کاکڑ راز محمد بھائی کا بچہ نہیں تھا، وہ میرے بچے کی طرح تھا، دہشت گرد بھوسہ منڈی کے علاقے میں مقیم تھے، مکان مالک کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ ژوب والے واقعے میں کمیونیکیشن کی وجہ سے جانی نقصان ہوا، مستونگ اور قلات میں بروقت ریسپانس دیا گیا تھا، اس لیے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

اس موقع پر ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ اتنی سرویلینس نہیں تھی جتنی ہونی چاہیے تھی، واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ آئندہ کوئی شاہراہ بند نہ ہو، قومی شاہراہ پر دہشت گردوں کو فوری جواب دیا جاتا ہے، ژوب کا واقعہ شام 6 بجے پیش آیا، پبلک ٹرانسپورٹ کو6 بجے بند کیا جاتا ہے، وزیرِ اعلی ٰ بلوچستان نے ہدایت کی ہے کہ شاہراہ کو محفوظ بنایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید