وزیراعلیٰ سندھ نے لیاری میں چھت گرنے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی افسوس ہے، انھوں نے جاں بحق خواتین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انھوں نے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مخدوش عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ عمارتوں کی اسٹرکچرل جانچ پڑتال کی جائے، انسانی جانیں قیمتی ہیں۔
انھوں نے کہا لیاری سمیت کراچی بھر میں خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کرایا جائے، متاثرہ خاندانوں کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔