• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا، میں محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں: سہیل آفریدی

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا، میں محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے لیڈر کا شکر گزار ہوں، میرا تعلق قبائلی ضلع سے ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا تعلق قبائلی اضلاع کے متوسط خاندان سے ہے، میرا نہ والد، نہ بھائی اور نہ رشتہ دار سیاست دان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ نہ زرداری ہے، نہ بھٹو ہے اور نہ شریف ہے، نام کے ساتھ زرداری اور بھٹو لکھنے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بن جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں، میرے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں، نہ گاڑیاں، نہ بنگلہ، نہ پیسے، نہ کرسی کی لالچ، جیسا ہوں، ویسا ہی رہوں گا۔ میرے لیڈر جس وقت کہیں گے اس کرسی کو لات مار دوں گا۔

نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ میرے نام کا اعلان ہوا تو ایک خاص مائنڈسیٹ نے قبائلیوں کی تضحیک کی، قبائل ہمیشہ پیچھے رہنے کے لیے نہیں، ان کے معدنیات پر قبضہ کرنے کے لیے نہیں، قبائلی میرے وزیراعلی بننے پُرخوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو دکھانا ہے کہ کس طرح 8 فروری کو دھاندلی ہوئی تھی، 8 فروری کو جس طرح ہمارے حلقوں پر ڈاکا ڈالا گیا تھا، اس کی انکوائری کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فیملی اور جماعت کی مشاورت کے بغیر ادھر ادھر کیا تو پورا ملک جام کر دیں گے، کوئی یہ نہ سوچے میں اس منصب پر آگیا ہوں تو نظریے سے ہٹ جاؤں گا، یہ بھول ہے۔ میں نے آج سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے شروع کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد سہیل آفریدی خبیر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے جبکہ اپوزیشن نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت جاری ہے۔ جس میں سہیل آفریدی کو 90 اراکین صوبائی اسمبلی نے منتخب کیا۔

قومی خبریں سے مزید