کراچی(عبدالماجد بھٹی) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی پاک فوج اور کشمیر یوں کے حق میں بیان بازی کے لئے دنیا بھر کے میڈیا میں شہرت رکھتے ہیں۔بھارتی کرکٹرز کو حق اور سچ کے لئے ان کا بولنا پسند نہیں آیا اور ماضی میں وہ کرکٹرز جو شاہد آفریدی کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں انہوں نےسابق کپتان اور پاکستانی ٹیم کے ساتھ اتوار کو برمنگھم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈزکا میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔جس کے باعث منتظمین نے پاکستان اور بھارت کا میچ منسوخ کردیا۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس محسن نقوی کی صدارت میں ہورہا ہے۔بھارت ،سری لنکا،افغانستان اور عمان کے بورڈ نےڈھاکا میں میٹنگ بلوانے پر تحفظات ظاہر کئے ہیں اس لئے اب ستمبر میں ایشیا کپ میں بھارتی بورڈ مشکلات پیدا کرسکتا ہے اور خاموشی سے سازشیں کررہا ہے اور ایشیا کپ کے مستقبل پر بھی گہرے بادل منڈلا رہے ہیں۔ایشین کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق اگر تین سے چار فل ممبر اس میٹنگ کے خلاف ہو جاتے ہیں تو پھر ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے‘اے سی سی کے براڈ کاسٹرز اور زیادہ تر اسپانسرز بھارتی ہیں۔