پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں بارشوں کے باعث ممکنہ اور جاری سیلابی صورتحال پر ایڈوائزری جاری کردی۔
پی ٹی اے نے قومی ایمرجنسی ٹیلی کمیونیکیشن کوآرڈینیشن سینٹر قائم کردیا ہے اور تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہنگامی صورتحال کیلئے متبادل پلانز فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، حساس علاقوں میں ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر کو محفوظ بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے اور بڑی فنی خرابی کی صورت میں پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز کو فوری اطلاع دینے کا کہا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپریٹرز ہر 6 گھنٹے بعد سروس کی بحالی سے متعلق رپورٹ پیش کریں، موبائل آپریٹرز عوام کو سیلاب سے متعلق آگاہی اور انخلا کے منصوبے فراہم کریں، عوام کو ہنگامی نمبرز اور سیلاب کی معلومات قومی و علاقائی زبانوں میں فراہم کی جائیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں ریلیف اہلکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر مواصلاتی معاونت فراہم کی جائے، سیلاب زدہ علاقوں میں جہاں ضروری ہو وہاں عارضی موبائل یونٹس نصب کیے جائیں، لوکل لوپ آپریٹرز سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنی فرنچائزز کو شکایات کے ازالے کیلئے متحرک کریں۔
پی ٹی اے نے ایڈوائزری میں کہا کہ ٹاپ اپ پوائنٹس پر بھی صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے متحرک ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ صارفین کو سم، بیلنس ریچارج اور دیگر بنیادی سہولیات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ آپریشنز کے لیے تربیت یافتہ عملہ مقامی اور علاقائی سطح پر تعینات کیا جائے۔