کولڈ پلے کے کنسرٹ میں ایسٹرونومر کے سابق سی ای او اینڈی بائرن کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کی اہلیہ میگن نے خاموشی توڑ دی۔
سابق سی ای او اینڈی بائرن کے کولڈ پلے کنسرٹ میں ویڈیو اسکینڈل کے بعد ان کی اہلیہ میگن کیریگن بائرن کی جانب سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے پیغامات نے ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
میگن کی جانب سے دو مختلف پیغامات منظرِعام پر آئے ہیں جس میں سے ایک نے سب کی توجہ حاصل کی۔ فیس بک پر زیرِ گردش ایک بیان میں لکھا گیا کہ وہ شوہر جس پر مجھے فخر تھا اور جسے میرے بچوں نے سب سے زیادہ عزت دی، اس کی بےوفائی میری عزتِ نفس کو روندنے کے مترادف ہے بلکہ یہ ہمارے پورے خاندان سے دھوکا ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اُسے چھوڑ دوں گی، میں ایک ایسے شخص کے ساتھ نہیں رہ سکتی جس نے مجھے دھوکا دیا ہو، میں اپنے بچوں کو لے کر اس شخص سے دور چلی جاؤں گی۔
ایک اور پوسٹ جو ایک نئے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی، اُس میں میگن نے اینڈی کا نام لیے بغیر اپنی جذباتی کیفیت بیان کی کہ ’میں جانتی ہوں کہ میں خاموش رہی، میں نے اپنا اکاؤنٹ بند کر دیا کیونکہ سب کچھ میرے لیے بہت زیادہ ہو گیا تھا، یہ دھوکا صرف ذاتی نہیں بلکہ عوامی تھا۔ لوگ، پیغامات، پوسٹس، ہمدردیاں یہ سب میرے لیے بہت زیادہ تھا، مجھے خاموشی چاہیے تھی، مجھے سانس لینا تھا۔‘
میگن کیریگن بائرن امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایک ماہر تعلیم ہیں، جہاں وہ سیکھنے میں دشواری کا سامنا کرنے والے بچوں کی مدد کرتی ہیں، ان کے اور اینڈی بائرن کے دو بچے ہیں۔ تاہم اسکینڈل کے بعد میگن نے سوشل میڈیا سے اپنی فیملی فوٹوز ہٹا دیں اور اپنے نام سے بائرن کا نام بھی ہٹادیا۔