• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں کار سوار باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے


اسلام آباد کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں کار سوار 2 افراد برساتی نالے میں بہہ گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں باپ بیٹی تھے۔

نالے میں کار سمیت بہہ جانے والے باپ بیٹی مدد کے لیے آوازیں لگاتے رہے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی، پانی کا بہاؤ تیز ہونے پر دونوں کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس، ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ، ریسکیو 1122 اور غوطہ خور ٹیم نے تلاش شروع کر دی ہے۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز فائیو کے نالے سے گاڑی کا بمپر مل گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق  کار سوار شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے نام سے ہوئی، اسحاق قاضی اپنے گھر سے اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ سرمئی رنگ کی کار میں نکلے، قریبی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث گاڑی بند ہو گئی۔

ذرائع نے کہا کہ اسحاق قاضی گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے تو پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا، پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے بعث دونوں باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز ایٹ میں پانی داخل ہوگیا اور ملحقہ دیہات میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

شدید بارش سے متاثر ہونے والے گاؤں میں باغ راجگان، کھڑکن، سوہاوہ شامل ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

قومی خبریں سے مزید