• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابوسر اور شاہراہ قراقرم پر پھنسے سیاحوں کیلئے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

تصویر بشکریہ جیو نیوز
تصویر بشکریہ جیو نیوز

شاہراہ بابوسر اور شاہراہ قراقرم پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چلاس میں سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر متعدد سیاح سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے تھے جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

سیاحوں اور مسافروں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس کی ٹیمیں متاثرہ افراد تک اشیاء خورد و نوش فراہم کر رہی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد بھی دی جارہی ہے اور مشینری اور افرادی قوت سڑکوں کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔

بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر رکاوٹیں دور کی جارہی ہیں اور گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں پاک فوج کا دیوسائی میں ریسکیو آپریشن اور اسکردو روڈ کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

اسکردو سے سدپارہ ماؤنٹینئرنگ اسکول تک لینڈسلائیڈ کا علاقہ کلیئر کردیا گیا ہے، دیوسائی کی طرف سے سدپارہ گاؤں تک جانے والا راستہ بھی کھول دیا گیا ہے۔

پاک فوج کا عملہ باقی ماندہ سلائیڈز کلیئر کرنے میں مصروف ہے، فوجی دستے متاثرہ مقامات پر سیاحوں کو راشن اور مدد فراہم کر رہے ہیں۔ فوج کی جانب سے تیار پکوان کے 150پیکٹس ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ کردیے گئے ہیں۔

تصویر بشکریہ جیو نیوز
تصویر بشکریہ جیو نیوز

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے بعد وفاقی وزیر مواصلات کی ہداہت پر این ایچ اے کی ٹیموں کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق قراقرم ہائی وے کو مختلف جگہوں سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، چلاس بازار کے قریب قراقرم ہائی وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چلاس زیرو پوائنٹ پر بھی قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے جبکہ گورنر فارم کے قریب بھی بند شاہراہ قراقرم کو کھول دیا گیا ہے۔

پسو کے مقام پر بھی قراقرم ہائی وے کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے جبکہ تتہ پانی کے قریب قراقرم ہائی وے کو جلد کھول دیا جائے گا، جھلکھڈ کے مقام پر بھی شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ این ایچ اے کی ٹیمیں رات بھر آپریشن میں مصروف رہیں، شاہراہوں کی مکمل بحالی تک این ایچ اے کی ٹیمیں مصروف عمل رہیں گی، چیئرمن این ایچ اے بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید