بلوچستان میں ندی کے کنارے کھیلتے ہوئے 4 بہنیں ڈوب گئیں، بچیوں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردی گئیں۔
دلخراش واقعہ ضلع دکی کی انبار ندی میں پیش آیا، جہاں آج صبح 4 کم عمر بہنیں ندی کے کنارے کھیلنے میں مصروف تھیں اس دوران ندی میں گر جانے سے چاروں بہنیں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔
بچیوں کی عمریں 5 سے11 سال کے درمیان تھیں، چاروں بچیوں کی میتیں اسپتال منتقل کرکے ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب تونسہ کے کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، راجن پور سمیت کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے اور تربیلا، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آیا، کئی ایکڑ پر فصلیں کٹاؤ کے باعث دریا برد ہوگئیں۔
ادھر بلوچستان میں مون سون سیزن کےدوران بارشوں، سیلابی ریلوں، دیوار اور آسمانی بجلی گرنے سے 16 افرادجاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں، بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 66 مکانا ت کو نقصان پہنچا ہے۔