• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیر خارجہ کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

یہ اعتراف انہوں نے واشنگٹن میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں کیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ پہنچنے پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا گیا، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی اسحاق ڈار کے ہمراہ تھے۔

وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں سینئر حکام شریک ہوئے، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران تجارت و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور انسدادِ دہشت گردی و علاقائی امن سے متعلق بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ عالمی و علاقائی امن کےلیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کا کردار اور کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کے خواہاں ہیں، تجارتی مذاکرات میں مثبت پیش رفت سے متعلق پر امید ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ علاقائی امن کے لیے دونوں ملکوں کے نقطۂ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی ہے۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار اد اکر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید