• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر کی جعل سازی عمر بھر کا روگ، 11 بھارتی ریسلرز معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی ریسلنگ فیڈریشن نے دھوکا دہی ثابت ہونے پر11 ریسلرز کو معطل کردیا۔ یہ جعل سازی پہلوانوں کیلئے زندگی بھر کا روگ بن گئی ، پہلوانوں پر برتھ سرٹیفکیٹ میں جعل سازی کا الزام ہے۔ پکڑے گئے ریسلرز کے برتھ سرٹیفکیٹ جعلی اور فوٹوشاپ کے ذریعے اپ ڈیٹ کیے گئے تھے جب کہ کچھ کیسز میں پیدائش کے 12 سے 15 سال بعد برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے مطابق دہلی میونسپل حکا م نے 95 ریسلرز کے برتھ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی۔ ہم ایک صاف شفاف سسٹم چاہتے ہیں، جعلی برتھ سرٹیفکیٹ جمع کروانے پر 6 ریسلرز کو اب جبکہ باقی 5 کو پہلے معطل کیا جاچکا ہے۔ایم سی ڈی نے ڈبلیو ایف آئی کی طرف سے بھیجے گئے سرٹیفکیٹ کی جانچ کے بعد بتایا کہ 95سرٹیفکیٹ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کے حکم پر جاری ہوئے، جبکہ 11سرٹیفکیٹ جعلی، فوٹوشاپ شدہ یا ڈیجیٹلی چھیڑ چھاڑ کیے گئے پائے گئے۔ ان کا تعلق ریسلرز سکشم، منوج، کویتا، انشو، ارش رانا، شبھم، گوتم، جگروپ دھانکڑ، نکُل، دُشیانت اور سدھارتھ بلیان سے تھا۔ان 11علی سرٹیفکیٹس میں سے 6 دہلی کے نریلا زون، 2 نجف گڑھ، اور ایک ایک روہنی، سول لائنز اور سٹی زون سے جاری ہوئے تھے۔ڈبلیو ایف آئی نے تصدیق کی کہ 7 اگست کو 6 ریسلرز کو معطلی کے نوٹس بھیجے گئے، جبکہ 5 دیگر کو پہلے ہی اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر معطل کیا جا چکا تھا۔

اسپورٹس سے مزید