• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BLA عالمی دہشتگرد قرار، پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ، طلال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دینے پرجیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہے، سابق سفیر، عبدالباسط نے کہا کہ بہت ہی اہم پیش رفت ہے پاکستان کے موقف کی تائید بھی ہوتی ہے، ہم بڑے عرصے سے بین الاقوامی برادری کو یہ بتانے کی کوشش کررہے تھے بلوچستان میں بہت سے غیر ملکوں کا ہاتھ ہے خاص کر بھارت کا ہاتھ ہے،ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور تذویراتی میدان میں یہ پانچ اعتبار سے غیر معمولی کامیابی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے،رہنما مسلم لیگ نون طلال چوہدری نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہے اور یہ سب فتنتہ الہندوستان کی پراکسیز ہیں اور ان کو یہ اسپانسر کرتے ہیں اور وہ دن بھی دور نہیں جب ان کے اسپانسر بھی دہشت گردوں کی فہرست میں ہوں گے ۔ کلبھوشن یادیو سے لے کر جتنے شواہد تھے وہ بار بار دنیا کو دکھائے گئے۔ پاکستان جتنا مضبوط ہوگا ان دہشت گردوں کے خلاف اتنی ہی دہشت گردوں سے دنیا محفوظ ہوگی یہ پاکستان کا بہت پرانا موقف تھا جسے آج تسلیم کیا گیا ہے اور اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا موقف امریکہ سمیت دنیا میں تسلیم کیا جارہا ہے اور دہشت گردوں کے اسپانسرڈ ممالک بھی دنیا کی نظر میں آچکے ہیں۔ بھارت جھوٹ بولتا ہے کہ وہ دہشت گردی کا شکار ہے پاکستان کے تعلقات نہ صرف امریکہ بلکہ باقی مغربی اور دوست ممالک سے بہتر ہوئے ہیں جبکہ یہاں لوگ کہتے تھے کہ نہ ہمیں کوئی فون کرتا ہے نہ کوئی فون سنتا ہے جبکہ اب پاکستان کا نام اچھے اور فخریہ انداز سے لیا جاتا ہے پاکستان کو معاشی اور دفاعی معاملات میں جو ثمرات مل رہے ہیں اس میں جنرل عاصم منیر اور شہباز شریف کی ٹیم کی محنت ہے اور اس میں وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ بھی شامل ہیں۔ ماہر قومی سلامتی امور ر سید محمد علی نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور تذویراتی میدان میں یہ پانچ اعتبار سے غیر معمولی کامیابی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ مئی 2025 کے بعد خطے سے متعلق امریکہ کی پالیسی میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے۔ پچھلے ڈیڑھ ماہ میں آرمی چیف کے دوروں کا فوری نتیجہ دفتر خارجہ کے اس اعلان کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا پیغام ہے کہ امریکہ ہمارے قومی سلامتی کے خدشات اور مفادات کا احترام کرتا ہے اور بھارت کی وہ پراکسیز جو ہماری سلامتی کے خلاف سرگرم ہیں ان کی مذمت کے ساتھ انہیں کالعدم بھی قرار دیتا ہے۔ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ بالخصوص بلوچستان اور پاکستان میں چینی مفادات پر حملے کر رہے تھے اور اب امریکہ نے پہلی بار سرکاری سطح پر ایسی تنظیم کو کالعدم قرار دیا ہے جو پاکستان میں چینی مفادات کو نشانہ بنا رہی تھی۔
اہم خبریں سے مزید