وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ، انتطامیہ، ڈی سیز اور اے سیز سمیت پنجاب میں کوئی بھی 2 روز سے نہیں سویا۔ حکومت کی ترجیح جانوں کو بچانے کی ہے، لیکن لوگ بند پر کھڑے ہوکر سیلاب دیکھ رہے ہیں، یہ دیکھنے کی چیز نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے جیو نیوز کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال کے لیے تمام سامان موجود ہے، عوام ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں، اپنے طور پر کسی ایڈونچر کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اپنے گھر کو چھوڑ کر ریلیف کیمپس میں رہنا آسان کام نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے آٹے کی قیمت میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلار ملز نے بہانا بنایا کہ سیلاب کی وجہ سے قیمتیں بڑھی۔ روٹی اور آٹے کی قیمت پر وزیر اعلیٰ کی زیرو ٹالرنس ہے۔ امید ہے سیلاب کے باوجود پنجاب میں گندم کی وافر پیدا وار ہوگی۔