پاکستان علماء کونسل نے پاکستان سعودی اسٹریٹجک معاہدے پر کل ملک بھر میں یوم تشکر و یوم دعا منانے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے ایک بیان میں پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین کے دفاع کی سعادت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت، فیلڈ مارشل اور سعودی ولی عہد تعریف کے مستحق ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے ہیں۔
مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے اور دنیا میں امن کے حصول کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، موجودہ اور متوقع خطرات و چیلنجز کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاع کو مضبوط بنائے گا۔
معاہدہ دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کی تیاری اور انضمام کو بڑھائے گا، معاہدے سے دونوں ممالک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔
معاہدے کی شقوں کے تحت کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا۔