• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی و اقتصادی چیلنج، چینی تعاون کا اعادہ، صدر شی اور پیوٹن سے وزیراعظم کی ملاقاتیں

بیجنگ (نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی صدر شی چن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں کی ہیں ، چینی صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ و اقتصادی چیلنج میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کا اعادہ کیا، چینی صدر کا کہنا تھا کہ دو طرفہ اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط کریں گے ،روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کی صورتحال، افغانستان، مشرق وسطی اور یوکرین کے تنازع، فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ مسائل اور عالمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے شراکت دار رہا ہے اور رہے گا ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ روس کے بھارت کیساتھ تعلقات کا احترام کرتے ہیں اور ماسکو کیساتھ مزید بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں رہنماؤں کیساتھ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے جن میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر وزراء بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے پیوٹن کے دورہ ماسکو کی دعوت بھی قبول کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ اُمید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔وزیر اعظم عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی 80ویں سالگرہ میں شریک ہوں گے اور شہباز شریف چین پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں خطاب بھی کریں گے۔وزیر اعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترے ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ، سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ کی مثالی قیادت کا ثبوت ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

اہم خبریں سے مزید