کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود، ان کے آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلوانے کیلئے کمیشن پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ کمیشن نہ صرف خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے بلکہ ان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے قانون سازی اور حکومتی پالیسی سازی میں بھی فعال معاونت فراہم کر رہا ہے۔ کرن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان جیسے قدامت پسند معاشرے میں خواتین کو آج بھی متعدد سماجی، ثقافتی، اقتصادی اور تعلیمی رکاوٹوں کا سامنا ہے، جنہیں دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کمیشن کی کوشش ہے کہ ہر طبقہ فکر کی خواتین، بالخصوص دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین کو بھی برابر کے مواقع دیے جائیں تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے حکومت بلوچستان، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے جاری کاوشوں میں کمیشن کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ایک روشن، بااختیار اور مساوات پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔