امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست الی نوائے کے مختلف شہروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیونٹی شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
سفیر پاکستان نے ہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور پسماندہ افراد کی خدمت کے حوالے سے تنظیم کے کردار کی تعریف کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ یہ فاؤنڈیشن پاکستان کے ترقیاتی عمل اور پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کررہی ہے۔
قونصل جنرل طارق کریم نے اس موقع پر زور دیا کہ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور معاشی طور پر بااختیار بنانے میں فاؤنڈیشن مزید کردار ادا کرے۔
بعد ازاں سفیر رضوان سعید شیخ نے الی نوائے میں میڈیکل بلنگ اور آئی ٹی سروسز کمپنی فزیشنز ریونیو گروپ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا۔
سفیر پاکستان کو پی آر جی کے پاکستان میں آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
سفیر پاکستان کے اعزاز میں پاکستانی امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کی جانب سے بزنس گول میز کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے شرکاء کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ ایس آئی ایف سی کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سنگل ون ونڈو آپریشن اور پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے امریکی کاروباری اداروں کو آئی ٹی، تجارت، زراعت، توانائی، صحت ، کان کنی اور معدنیات کے شعبہ جات میں موجود وافر مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
سفیر پاکستان نے شکاگو میں یوم دفاع کی مناسبت سے منعقد پروگرام میں بھی شرکت کی۔
قونصلیٹ جنرل میں منعقد اس پروگرام میں رکن کانگریس جوناتھن جیکسن، شکاگو سٹی کی خزانچی میلیسا ارون ، پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز اراکین اور سینئر منتخب عہدیداروں نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص پاکستانی قوم کی مضبوطی اور اس کی مسلح افواج کی بہادری کی علامت ہے۔