ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاریز اور ارینا سبالنکا کی انعامی رقم میں بڑی کٹوتی ہو گئی، ان کی انعامی رقم سے 2 ملین ڈالرز کٹ گئے۔
یو ایس اوپن جیتنے پر الکاریز اور سبالنکا کو 5، 5 ملین ڈالرز کی انعامی رقم ملی ہے، یہ انعامی رقم اب تک کسی بھی گرینڈ سلم ٹینس کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
دونوں فاتح کھلاڑیوں کو 5 نہیں بلکہ 3، 3 ملین ڈالرز ملیں گے اور باقی 2 ملین امریکی ٹیکس کٹ گیا۔
مقامی قوانین کے مطابق تقریباً 6 لاکھ ڈالرز سے اوپر کی آمد پر 37 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے، اس شرح سے انہیں 1.85 ملین ٹیکس کی مد میں ادا کرنا ہیں۔
کوچز ، ایجنٹ سپورٹ اسٹاف اور سفری اخراجات کو بھی انعامی رقم میں شامل کیا جائے تو ٹیکس 2 ملین ڈالرز بنتا ہے، خوش قسمتی سے امریکا اسپین ٹیکس معاہدہ کی وجہ سے الکاریز کو وطن واپسی پر ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
ارینا سبالنکا بیلا روس کی بجائے اب میامی میں رہائش پذیر ہیں، انہیں بھی مزید ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا، دو ملین ڈالرز کی ٹیکس کٹوتی الکاریز اور سبالنکا کے لیے پریشان کن نہیں ہے۔
چھٹا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے کارلوس الکاریز کی کیریئر آمدنی 53.5 ملین ڈالرز ہو چکی ہے جبکہ ارینا سبالنکا ویمن ٹینس میں سب سے زیادہ کمانے والوں میں چوتھے نمبر پر ہیں، ان کے کیریئر کی آمدنی 42.3 ملین ڈالرز ہیں۔
ٹاپ ٹینس پلیئرز اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑی ٹیکس فری ممالک مناکو اور بہاماس میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔