• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عباسی شہید اسپتال کی لفٹ گر گئی، صحافی بال بال بچ گئے

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں تقریب کے دوران اسپتال کی لفٹ گر گئی۔ لفٹ کے ذریعے نیچے آنے والے صحافی بال بال بچ گئے۔

ایک صحافی کا کہنا ہے کہ لفٹ تیسری منزل سے پہلی منزل پر آ کر گری، البتہ لفٹ اٹکنے کی وجہ سے صحافی محفوظ رہے۔

مختلف ٹی وی چینلز کے کیمرامین اور خاتون صحافی بھی لفٹ میں موجود تھیں۔

لٹکی ہوئی لفٹ کا دروازہ کھول کر صحافیوں کو نکالا گیا۔

کچھ لمحے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی اسی لفٹ سے روانہ ہوئے تھے۔

آج پیش آئے واقعے کے حوالے سے ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں لفٹ گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، میئر کراچی نے لفٹ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہیموفیلیا کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے اسپتال پہنچے تھے، تقریب ختم ہونے کے بعد صحافی لفٹ کے ذریعے واپس جا رہے تھے۔

کے ایم سی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ لفٹ میں حد سے زیادہ وزن ڈالنے پر یہ حادثہ رونما ہوا، خوش قسمتی سے کسی صحافی یا فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، لفٹ کی مینٹیننس کےحوالے سے بھی تفصیلی معلومات طلب کر لی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس فروری میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہیموفیلیا سوسائٹی ٹریٹمنٹ سینٹر کا افتتاح کرنے عباسی شہید اسپتال پہنچے تو وہاں کی لفٹ میں پھنس گئے تھے۔

لفٹ چوتھی منزل سے تیزی سے پہلی منزل پر آ کر پھنس گئی تھی، تاہم لفٹ میں موجود میئر اور ڈپٹی میئر سمیت 15 افراد محفوظ رہے تھے۔


قومی خبریں سے مزید