کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ملک بھر کے سیلاب زدگان کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کی آواز بنے گی، بلاول بھٹو زرداری کا وژن سیلاب متاثرین کے لئے امید کی کرن ہے، بلاول بھٹو عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں، ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے جو موقف اپنے ٹویٹ میں پیش کیا، وہ ان کی عوام دوستی اور دور اندیشی کی روشن مثال ہے، بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے، آج بھی ان کی ترجیحات میں سب سے آگے غریب، کسان اور سیلاب سے متاثرہ خاندان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے مطالبے پر ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا۔