ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ آج سے مون سون کا سیزن ختم ہو گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے کسی بارش کا امکان نہیں، سیلاب زدہ علاقوں سے پانی اب نکلنا شروع ہو گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چناب میں مرالہ سے لے کر پنج ند تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، ابھی پانی کا لیول کم ہو رہا ہے، بند توڑنا نہیں پڑا ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں تمام اداروں نے مل کر کام کیا ہے، سب سے زیادہ علی پور، ملتان اور جلال پور میں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں آج تک 28 اضلاع میں 4 ہزار 755 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔