• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ڈرامے میں والد کے قریبی دوست کی دوسری بیوی کا کردار ادا کرنا پڑا: تارا محمود

فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف اداکارہ تارا محمود نے والد کے قریبی دوست کی دوسری بیوی کا کردار نبھانے کو مشکل لمحہ قرار دیا۔

 تارا محمود نے اپنے کیریئر کے نشیب و فراز پر گفتگو کرتے ہوئے ایک نہایت عجیب و غیرمعمولی تجربہ شیئر کیا، جس نے انہیں شدید حد تک بےچینی میں مبتلا کر دیا تھا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے تارا نے انکشاف کیا کہ ایک ڈرامے میں مجھے سینئر اداکار عثمان پیرزادہ کی دوسری بیوی کا کردار ادا کرنا پڑا، یہ کردار میرے لیے بہت مشکل تھا کیونکہ وہ میرے والد کے قریبی دوست ہیں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ سیٹ پر مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ عثمان پیرزادہ کو انکل کہہ کر بلاؤں یا کچھ اور؟ یہ صورتحال میرے لیے بےحد عجیب تھی۔

انڈسٹری میں ابتدائی دنوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے تارا نے بتایا کہ اس وقت کام کے مواقع محدود تھے اور میں ایک وقت میں ایک یا دو پروجیکٹس پر کام کرتی تھی، اس دوران سب سے بڑا مسئلہ تاخیر سے ملنے والی ادائیگیاں تھیں، جو کراچی جیسے مہنگے شہر میں اکیلے رہنے کے باعث مزید مشکل میں ڈال دیتی تھیں، سب سے زیادہ دکھ یہ ہوتا تھا کہ اپنے ہی پیسوں کے لیے بار بار پیچھے بھاگنا پڑتا تھا۔

تارا کا کہنا تھا کہ آج حالات بہتر ہو گئے ہیں، کیونکہ میں بیک وقت کئی پروجیکٹس میں کام کر رہی ہوں، اس لیے اگر کسی ایک کی ادائیگی رک بھی جائے تو وہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے انڈسٹری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹنگ ایکٹرز کو وہ عزت اور پہچان نہیں دی جاتی جو انہیں ملنی چاہیے حالانکہ کسی بھی پروڈکشن میں ان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

تارا نے انکشاف کیا کہ پانچ سال پہلے میرا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، مگر اب میں اس کے لیے تیار ہوں، اگر صحیح شخص ملا تو میں شادی کے لیے ہاں کر دوں گی۔

واضح رہے کہ تارا محمود سابق وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود کی صاحبزادی ہیں، وہ متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت حاصل کر چکی ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید