نبیذ کیسے بنتا ہے؟ اس ضمن میں اُمّ المٔومنین، حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ ’’مَیں تھوڑی سی کھجور یا تھوڑی سی کشمش لیتی اور اسے پانی میں ڈال دیتی۔ اگر صبح ڈالتی، تو آپﷺ شام کو نوش فرما لیتے اور اگر شام کو ڈالتی، تو آپﷺ اسے صبح نوش فرما لیتے۔
آپﷺ تاخیر نہ فرماتے کہ کہیں اس میں نشہ پیدا نہ ہوجائے۔‘‘ حضرت جابرؓ فرماتے ہیں کہ ’’آپﷺ کے لیے پتّھر کے برتن میں نبیذ تیار کیا جاتا۔ (ابنِ ماجہ، جلد 2، صفحہ 358) حضرت انسؓنے وہ پیالہ کسی کو دکھایا اور فرمایا کہ ’’یہ وہ پیالہ ہے کہ جس میں، مَیں نے نبیﷺ کو شہد، نبیذ، پانی اور دودھ پلایا ہے۔‘‘
نبیذ عرب کے محبوب مشروبات میں سے ایک ہے، جو آپﷺ کو بھی خاصا مرغوب تھا۔ یہ مشروب تیار کرنے کے لیے چھوہارے یا کشمش وغیرہ کو پانی میں ڈالا جاتا اور جب ان کا ذائقہ اور مٹھاس پانی میں شامل ہو جاتی، تو آپﷺ اُسے نوش فرما لیتے، لیکن مذکورہ بالا اجزا کو پانی میں اتنی دیر تک نہ رہنے دیتے کہ اس میں گاڑھا پن، جھاگ یا نشہ پیدا ہو جائے، کیوں کہ آپﷺ نے نشے کو حرام قرار دیا ہے۔ اگر کبھی نبیذ پینے میں تاخیر ہو جاتی یا اس کی کیفیت بدلنے کا شُبہ پیدا ہو جاتا، تو پھر اُسے ضائع کردیا جاتا۔
’’نبیذ‘‘ لفظ ’’نبذ‘‘ سے مشتق ہے، جس کے معنی پھینکنا یا ڈالنا ہیں۔ پھر کسی پھینکی ہوئی چیز کو ’’نبیذ‘‘ کہا جانے لگا اور بعد ازاں پھینکنے کے نتیجےمیں پیدا ہونے والی چیز ’’نبیذ‘‘ کے نام سے مشہور ہوئی۔
بنانے کا طریقہ:
اجزا: کھجور 5-7سے عدد (طاق اعداد میں)، کشمش مُٹّھی بَھر، پانی ایک گلاس۔
رات کے وقت ایک گلاس پانی میں کھجوریں یا کشمش ڈال کر رکھ دیں اور پھر صبح اٹھ کر اس میں سے کھجوریں یا کشمش نکال لیں اور پھر اس پانی کو پی لیں۔
علاوہ ازیں، آپ مشروب کا ایک جگ بنا کر بھی پورا دن استعمال کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کھجور اور کشمش کو ایک ساتھ نہیں ڈالنا، بلکہ ایک وقت میں دونوں میں سے کسی ایک چیز کا استعمال کرنا ہے۔
فوائد: ’’نبیذ‘‘ پینا سُنّتِ نبویؐ ہے اور یہ ایک نہایت مفید اور صحت بخش مشروب ہے۔ یہ مشروب جسمانی کم زوری کو دُور کرتا ہے۔ صبح کے وقت نبیذ کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
اس مشروب کے استعمال سے تیزابیت سمیت معدے کے دیگر امراض سے نجات ملتی ہے، جب کہ اس میں موجود فائبرز جسم کو طاقت فراہم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ جگر، گُردوں اور جسم کے باقی اعضا کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔