دبئی (عبدالماجد بھٹی) بولرز نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچادیا۔ سپر فور کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 11رنز سے شکست دے دی، پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر بری طرح ناکام رہی، لیکن بولرز نے شاندار میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے تین، تین، صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی، شاہین نے 19 رنز بھی بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔135 کے جواب میں ناکام سائیڈ 124 رنز بناسکی۔ دبئی اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں بنگلہ دیشی تماشائی مایوس ہو کر لوٹے، فائنل اتوار کو ایک بار پھر روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جمعرات کو دبئی میں بنگلہ دیش کے کپتان جاکر علی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بیٹنگ اس بار بھی مشکلات کا شکار رہی۔ 49 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔