اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مصر میں ملاقات کے حوالے سے مکمل جھوٹی کہانی گھڑی گئی ہے، جھوٹ پھیلانے والوں کو پاکستان کی عزت و وقار کا کوئی خیال نہیں۔ سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دو روز قبل مصر میں آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ بعض مقامی سیاسی عناصر اس ملاقات کی ویڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں اور ایک مکمل جھوٹی کہانی گھڑ رہے ہیں۔