• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈ کراس کے ذریعے 2 یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جنہیں غزہ میں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ کی بندش یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے، یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی رفح کراسنگ کھلنے سے مشروط ہے۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس غزہ میں اسرائیل حمایت یافتہ ملیشیا کو نشانہ بنانے لگی ہے۔ اسرائیل نے حماس مخالف کئی فلسطینی گروپوں کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔

امریکا نے اسرائیلی حمایت یافتہ فلسطینی گروہوں کو نشانہ بنائے جانے کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی ملیشیا پر حملہ نہ کیا جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرسکتا ہے، حماس کی جانب سے جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزی کی مستند اطلاعات ملی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضامن ممالک کو جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزی سے متعلق آگاہ کردیا ہے، اگر حماس نے ایسا کیا تو غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ادھر اسرائیل نے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید