وینزویلا کے صوبے تاچیرا میں طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد الٹ کر زمین سے جا ٹکرایا اور زوردار دھماکے کے ساتھ آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا، حادثے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک اور خوفناک فضائی حادثہ سان کرسٹوبل کے پرامیلو ایئرفیلڈ پر پیش آیا، جو دارالحکومت کراکس سے تقریباً 400 میل جنوب مغرب میں واقع ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیئن ون (Cheyenne I) ماڈل کا طیارہ رن وے پر تیز رفتاری سے دوڑنے کے بعد جیسے ہی فضا میں بلند ہوتا ہے، اچانک ایک طرف جھک کر الٹ جاتا ہے اور زمین سے جا ٹکراتا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد طیارے کے ملبے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ملبہ رن وے پر رگڑ کھاتے ہوا دور کھڑے افراد کے قریب جا پہنچا، جس پر لوگ خوف و ہراس سے چیخ اٹھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ ٹائر پھٹنے سے پائلٹ کا طیارے پر کنٹرول کھونا بتایا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ مبینہ طور پر وینزویلا کی سوشلسٹ حکومت کے لاجسٹک آپریشنز میں استعمال کیا جا رہا تھا۔