مصنّفہ: رِدا رائے
صفحات: 450، قیمت: 1650 روپے
ناشر: جہانِ حمد پبلی کیشنز، 19/2، نوشین سینٹر، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2831089 - 0300
ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں صاحبِ کتاب سے متعلق کوئی تعارفی تحریر موجود نہیں، ایک جملے سے اندازہ ہوا کہ یہ خاتون لکھاری کی کاوش ہے۔
کتاب کا موضوع مذہب اور کائنات ہے اور اِس ضمن میں مصنّفہ نے مولانا ابو الاعلیٰ مودودی، ڈاکٹر اسرار احمد اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی قرآنی تفاسیر سے استفادہ کرنے کے ساتھ، اپنی تحقیق بھی پیش کی ہے، جس کی بنیاد سائنس اور دیگر جدید علوم ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ’’اِس کتاب کا بنیادی مقصد الہامی کتابوں کی اصل تعلیمات سے ساری دنیا کے انسانوں کو روشناس کروانا اور اُن کی مدد سے زندگی اور کائنات کی حقیقتوں کی وضاحت طلبی ہے۔‘‘
اِس سلسلے میں اُنھوں نے 162 عنوانات کے تحت اپنے خیالات پیش کیے ہیں، جو زندگی کی ابتدا، زمین و آسمان کی تخلیق، کائنات کی وسعت، انبیائے کرامؑ کی بعثت، عبادات اور مختلف مذاہب کے ذکر پر مشتمل ہیں۔ ایک تحقیقی کتاب میں اسرائیلیات یعنی بے سروپا قصّے کہانیوں کی موجودگی( اور وہ بھی بڑی تعداد میں) بُری طرح کھٹکتی ہے۔
اِس طرح کے مواد سے سرورق پر موجود جملے کے مطابق، کتاب سنسنی خیز تو ضرور ہوگئی ہے، مگر تحقیق پیچھے رہ گئی۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی ابواب کے مطالعے سے جو اچھا تاثر قائم ہوتا ہے، وہ بتدریج زائل ہوتا چلا جاتا ہے۔