• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خشک میوہ جات کا ’’سلطان‘‘ میں ہوں بادام

اپنے خول سے نکلوں، تو حُسن و صحت کے خزانے ہی بانٹتا رہوں
اپنے خول سے نکلوں، تو حُسن و صحت کے خزانے ہی بانٹتا رہوں

روبینہ شاہد، کراچی

اِس حقیقت سے کون واقف نہیں کہ حسن و صحت، طاقت و قوّت اور انفرادیت کا امتزاج، تاج پہنائے نہ پہنائے، مگر بادشاہت کا خطاب ضرور دلا دیتا ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ میرے ساتھ بھی ہے، منفرد اور شان دار تو مَیں تھا ہی، مگر مجھ میں موجود طاقت کے خزانے نے مجھے ’’بادشاہ‘‘ کا لقب دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ مجھے ’’سلطان‘‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ چلیے، تعارف کروا دوں۔

پاکستان کی قومی زبان اُردو ہے، تو اُردو زبان میں مجھے ’’بادام‘‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔ مَیں ایک بادامی خول میں بند رہتا ہوں اور خول اُترنے کے بعد بھی ایک نازک سے بادامی چھلکے میں لپٹا ہوتا ہوں، مگر جیسے ہی مجھے چند گھنٹے عام سادہ پانی میں (یا پھر کچھ دیر گرم پانی میں) بھگو دیں۔ تو جناب، بھیگ کر نہ صرف نرم و ملائم ہوجاتا ہوں، بلکہ انسانی جسم میں داخل ہوکر، لذت اور ذائقے کے ساتھ ہر خلیے کو تقویت پہنچاتا اور دماغ کو ایک نئی زندگی، تازگی و تابندگی دیتا ہوں۔

چھلکا اُترنے کے بعد میری رنگت دودھ جیسی سفید نکل آتی ہے، جو میرے حُسن کو گویا دو آتشہ کرتی ہے۔ مَیں کئی میوہ جات کے بیچ، بس اپنے ہی خول میں بند تھا۔ میری خُوب صُورتی اور طاقت و لیاقت چُھپی ہوئی تھی۔ مگر پھر ایک بزرگ طبیب نے صحتِ انسانی کی بہتری کا عزم کیا اور مجھ میں چُھپے حسن و صحت کے وہ خزانےدریافت کیے، جن سے عام انسان ناواقف تھے۔ 

اُس کے بعد دھیرے دھیرے نہیں بلکہ بہت تیزی سے مجھ میں چُھپے قوت و طاقت اور حسن و دل کشی کے تمام راز عام انسانوں پر منکشف ہوگئے، مجھ میں موجود پروٹین، فائبر، معدنیات، وٹامنز (خاص طور پر وٹامن ای) نہ صرف قوتِ مدافعت بڑھاتے ہیں بلکہ کولیسٹرل کم کرنے اور وزن گھٹانے میں بھی کام آتے ہیں۔ 

یادداشت بہتر بنانے اور دماغ تیز کرنے کے ضمن میں تو مَیں جادوئی اثر رکھتا ہوں، حاملہ خواتین کے لیے میرا وجود کسی نعمت سے کم نہیں۔ مجھ میں موجود فولک ایسڈ بچّوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور جو خواتین مجھے اپنی خوراک میں باقاعدہ شامل رکھتی ہیں، اُن کا جسم تن درست و توانا رہتا ہے، تو ذہنی صحت میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا ہے۔

حکماء اور طبیب میرے بارے میں فرماتے ہیں کہ بادام کو روزمرّہ ندگی کی خوراک بنا لیں اور دلی اور ذہنی سکون پائیں، کیوں کہ مَیں دماغ ہی کو توانائی فراہم نہیں کرتا، امراضِ قلب سے بچاؤ کا قدرتی علاج بھی ہوں۔ نیز، میرا تیل تو گویا ایک نعمتِ غیر مترقبہ ہے۔ 

جِلد کی صفائی، صحت و تن درستی، نکھار و شگفتگی کے لیے تو مَیں اکسیر کا مقام رکھتا ہوں۔ یوں کہیے، چہرے کو تروتازہ، روشن و شاداب رکھنے میں میرا کوئی ثانی ہی نہیں۔ 

قارئینِ کرام! جان لیجیے، میرا استعمال تھکن اور بڑھاپے کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے، تو ذہنی امراض کو قریب بھی نہیں پھٹکنے دیتا تو بس، بھئی… آپ سب باقاعدگی سے میرا جی بھر استعمال کرتےرہیں اور بےحد و بے حساب مستفید ہوں، میرے جادوئی، لامحدود فوائد سے۔

سنڈے میگزین سے مزید
صحت سے مزید