• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس کسی کا دل ٹوٹا ہے اسے چاہیے کہ وہ روئے: صائمہ قریشی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صائمہ قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ میرا دل اس وقت ٹوٹا جب میری طلاق ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جس کسی کا دل ٹوٹا ہے اسے چاہیے کہ وہ روئے، تاکہ ان کی تکلیف کم ہوسکے۔

حال ہی میں صائمہ قریشی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی۔


انہوں نے اپنی طلاق سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل اُس وقت ٹوٹا، جب میری شادی ختم ہوئی تھی، اُس وقت میں اتنے گہرے صدمے میں چلی گئی تھی کہ لگتا تھا کہ دنیا ختم ہو جائے گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب آپ اس حقیقت کو تسلیم کرلیتے ہیں کہ جو ہونا تھا ہوگیا، اب حالات سے سمجھوتہ کر کے آگے بڑھنا ہے تو اس وقت جس پر گزر رہی ہوتی ہے وہی جانتا ہے کہ وہ کس تکلیف سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے جس کا بھی دل ٹوٹا ہے، وجہ چاہے کچھ بھی ہو، انہیں چاہیے کہ وہ روئے، تاکہ آپ کے اندر جو غبار بھرا ہوا ہے وہ باہر نکلے، یا پھر لکھیں، جو کچھ آپ کے ساتھ ہوا ہے وہ آپ لکھیں، یا جو آپ محسوس کر رہے ہیں اسے لکھیں، لکھنے سے جذبات کا اظہار کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ تمام خواتین چاہتی ہیں کہ ان کی شادیاں چلیں، وہ اپنے گھر اور اپنی شادیوں کو بچانے کے لیے اپنا وقت دینے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں، بہت سی خواتین کو لگتا ہے کہ وہ اپنے شوہروں کو بدل سکتی ہیں، لیکن مردوں میں کچھ خصلتیں ایسی ہیں جو کبھی بدلی نہیں جا سکتیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے گھر کے لیے لڑتی رہی، لیکن کچھ نہیں بچا سکی، کوئی بھی عورت طلاق نہیں لینا چاہتی، لیکن میرے بچپن میں والد کی موت کے بعد زندگی میں سب سے پہلے طلاق کا مشکل مرحلہ آیا۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید