اسلام آباد ( نیو ز ر پورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امن و استحکام کو پائیدار ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں جاری تنازعات نے امن کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے، پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے، افغان عبوری حکومت ٹی ٹی پی ودیگر گروپوں کیخلاف موثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے، کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کرسکتا، پرامن اورمستحکم افغانستان ہی علاقائی روابط، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے،پاکستان جامع معاشی اصلاحات کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، سیکرٹری جنرل آئی ایس سی اکناتھ دھکل بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے مندوبین اور پارلیمانی وفود نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کانفرنس کا موضوع ’’امن، سلامتی اور ترقی‘‘ نہایت بروقت اور انتہائی اہم ہے۔