• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر چوہدری سالک کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، دونوں وزراء تقریباً دو گھنٹے تک ایئرپورٹ پر موجود رہے اور امیگریشن پراسیس کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔

امیگریشن کاؤنٹرز پر رش دیکھ کر وزیر داخلہ نے اظہارِ ناراضی کیا اور عملے کو امیگریشن پراسیس جلد نمٹانے کے احکامات جاری کیے، وزراء نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے بات چیت کی اور امیگریشن کے تجربے سے متعلق دریافت کیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر سالک حسین نے سفری دستاویزات پر پروٹیکٹر اسٹیکرز بھی چیک کیے، دورانِ جانچ ڈرائیور کی ملازمت کے لیے بیرونِ ملک جانے والے نوجوان کو ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر روک دیا گیا۔

وفاقی وزیر سالک حسین نے ایف آئی اے اہلکار کی مبینہ ملی بھگت پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا، جس پر مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا اور نجی کمپنی کو ادا کی گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں نوجوانوں کو روکنے والے امیگریشن اہلکاروں کو بلا کر شاباش دی اور اپنی جیب سے انعام دیا، انہوں نے اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دینے کا اعلان کیا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ضروری دستاویزات کے بغیر کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے، غیر قانونی امیگریشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ ایف آئی اے یا کسی بھی ادارے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ سالک حسین نے ہدایت کی کہ پروٹیکٹر کے تحت مسافروں کی متعلقہ ملازمت کی دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید