پیپلز پارٹی رہنما ممتاز چانگ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا نام اب بدنام زمانہ مجرم ایپسٹین کی فہرست میں بھی آگیا ہے، ایپسٹین نے بھی بانی پی ٹی آئی کو امن کے لیے خطرناک قرار دیا، بانی پی ٹی آئی نوجوانوں کو شدت پسندی کی راہ پر گامزن کررہے تھے۔
ممتاز چانگ نے اپنے بیان میں کہا کہ بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹن کے انکشاف سے واضح ہو گیا کہ بانی پی ٹی آئی صرف ملک کے لیے نہیں عالمی امن کیلئے بھی خطرناک تھے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسند عمران خان نے نوجوانوں کو ورغلایہ اور مذہبی کارڈ استعمال کرتا رہا، بانی پی ٹی آئی نوجوانوں کو شدت پسندی کی راہ پر گامزن کر رہے تھے، اپنی تقریروں میں اسلامی ٹچ بھی بانی پی ٹی آئی کا نوجوانوں کو ورغلانے کا ایک طریقہ تھا۔
ممتاز چانگ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بانی پی ٹی آئی کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالنا درست فیصلہ تھا، اگر بانی پی ٹی آئی کو حکومت سے نہ نکالتے تو آج خطہ شدت پسندی سے سلگ رہا ہوتا۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا عمران خان کے خلاف اقدام کو آج لوگ سراہتے ہیں، اگر بانی پی ٹی آئی کے خلاف پیپلز پارٹی اقدام نہ کرتی تو آج ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوتا۔