پاکستانی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کے مداح جو ان کے اچانک انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کرنے پر حیران و پریشان ہوگئے تھے، وہی اب ان کی واپسی پر تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر آئمہ بیگ نے پُراسرار طریقے سے دوبارہ انٹری دے دی ہے۔
گلوکارہ نے اپنا انسٹاگرام اکاونٹ ری ایکٹیویٹ کیا اور ساتھ ہی یک بعد دیگر کئی مبہم اسٹوریز شیئر کی۔
انہوں نے انسٹااسٹوری میں لکھا کہ ’آپ سمجھ رہے تھے یہ ختم ہوگیا ہے؟ انتظار کریں، پلاٹ میں ٹوئسٹ ہے، مجھے یاد کیا؟ ٹھہریں کچھ آنے والا ہے‘۔
انسٹااسٹوریز کا سلسلہ یہی رکا نہیں بلکہ انہوں نے انسٹااسٹوری میں مزید لکھا کہ ’آپ نے ابھی مجھے دیکھنا نہیں تھا، لیکن الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے‘۔
آئمہ بیگ نے یہ بھی لکھا کہ ’جلد ی واپسی کے ساتھ ہی بڑی چیز آ رہی ہے، فی الحال اتنا ہی‘۔
گلوکارہ کے مداحوں کی تشویش میں اس وقت اضافہ ہوا جب انہوں نے مختلف انسٹااسٹوریز کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔
آئمہ بیگ کی انسٹااسٹوریز کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو صارفین نے ملے جلے تاثرات پیش کیے، جہاں ان کے مداح گلوکارہ کی واپسی پر خوش ہیں وہیں صارفین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ نئی آنے والی البم کی تشہیری مہم ہے۔
واضح رہے کہ آئمہ بیگ نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کر دیا تھا، جس کے ساتھ ہی ان کی شادی کی تصاویر ان کے شوہر زین احمد کے اکاونٹ سے بھی غائب ہوگئیں تھی، جس کی وجہ سے ان کے تعلقات سے متعلق مختلف افواہیں زیر گردش آ رہیں تھی تاہم اب گلوکارہ کی واپسی کے ساتھ ہی ان کی شادی کی تصاویر بھی واپس آگئیں ہیں۔