پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف فیشن ڈیزائنر و اداکار دیپک پروانی نے دنیا کا سب سے بڑا کرتہ بنانے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں فیشن ڈیزائنر و اداکار نے جیونیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے اور شرکا کو بھی لطف اندوز کیا۔
دوران شو میزبان نے دیپک پروانی سے سوال پوچھا کہ آپ کے پاس دنیا کا سب سے بڑا کرتہ بنانے کا ایک گینیز ورلڈ ریکارڈ بھی ہے؟
دیپک پروانی نے حامی بھرتے ہوئے بتایا کہ جی ایسا ہی ہے، ایک واشنگ پاؤڈر کا پروجیکٹ تھا وہ لوگ ایسا کرنا چاہتے ہیں لیکن میں ایسا کرنا نہیں چاہتا تھا کیونکہ مجھے ان چیزوں پر یقین نہیں ہے۔
فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ لیکن جب میں نے ان سے کہا کہ یہ کرتہ جب کٹے کا تو اس کے چھوٹے کرتے بناکر ایدھی میں تقسیم کریں گے تو انہوں نے حامی بھر لی تو میں نے بھی رضامندی دے دی کیونکہ اس میں سی ایس آر (کاپریٹ سوشل ریسپانسبیلیٹی) آگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کرتے کا سائز 236 فٹ بائی 330 فٹ تھا، اسے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک کرین پر لگایا گیا تھا۔ گینیز ورلڈ ریکارڈ کے منتظمین سے اسے دنیا کا سب سے بڑا کرتہ قرار دیا تھا۔
دیپک پروانی کے مطابق اس لمبے کُرتے کو اشتہار کے لیے پہلے گندا کیا گیا تھا، پھر اسے دھویا بھی گیا اور پھر اس کی مدد سے 190 کُرتے تیار کیے گئے تھے۔