اسرائیل غزہ تنازع کے سبب لندن کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک پر نفرت انگیز جرائم کی شرح بلند ترین ہو گئی۔
اس بات کا اظہار برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ کرس کریسی نے لندن اسمبلی کی کرائم کمیٹی کے سامنے کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 2023ء کے آخر میں ٹی ایف ایل کی سروسز میں نفرت انگیز جرائم میں نمایاں اضافہ ہوا، جن کا خاص ہدف یہودی اور مسلم کمیونٹی کے افراد تھے، ایسے واقعات میں حالیہ کمی کے باوجود یہ اکتوبر 2023ء کی سطح پر بھی نہیں آئے ہیں۔
حالیہ رپورٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پیش آنے والے واقعات نفرت انگیز جرائم کا سبب بنتے ہیں اور لندن کی ٹرینوں، ٹیوب اور بسوں پر سفر کرنے والے ان کا نشانہ بنتے ہیں۔
برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جنوری سے اگست تک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک پر نفرت انگیز جرائم میں 27.8 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹی ایف ایل پولیسنگ اینڈ کمیونٹی سیفٹی کی سربراہ مینڈی میگریگر کے مطابق تنازع شروع ہونے کے بعد لندن کے مختلف اسٹیشنز پر بھی احتجاج ہوئے لیکن پولیس نے ٹرانسپورٹ کو محفوظ طریقے سے چلانے کے ساتھ احتجاج کے حق میں توازن رکھنا تھا۔