• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، 22 خوارج ہلاک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ میں 22 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کا قلع قمع ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 22 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بنوں میں 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید