پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ نوشین شاہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار کھل کر حجاب چھوڑنے کی وجہ اور اپنی روحانی سفر کے بارے میں گفتگو کی۔
نوشین شاہ نے بتایا کہ میں نے ایک خواب دیکھا تھا جس کے باعث چار ماہ تک باقاعدہ اسکارف کرتی رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خواب میں اپنے بھائی اور امی کے ساتھ تھی، چلتے ہوئے ایک آواز آئی، اگر تم نے سر نہیں ڈھانپا تو فرشتے تمہیں چھوڑ جائیں گے، میں فوراً اٹھی، دوپٹہ لیا اور پہن لیا۔
انہوں نے بتایا کہ چار ماہ تک میں ہر شوٹ پر دوپٹہ ساتھ رکھتی رہی، لیکن پھر مجھے محسوس ہوا کہ میں دو مختلف زندگیاں گزار رہی ہوں، کام پر میں بالکل ماڈرن ہوتی تھی اور گھر آتی تو اسکارف میں، پھر میں نے خود سے سوال کرنا شروع کیا، میں نے اللّٰہ سے معافی مانگی اور حجاب اتار دیا، حالانکہ مجھے اسے پہننا پسند تھا اور میں اسے بہت گریس فُلی اسٹائل بھی کرتی تھی۔
اداکارہ نے اپنے روحانی سفر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ دعا مجھے باقاعدہ نماز کی طرف لائی، میں اللّٰہ سے کہتی تھی کہ مجھے آپ چاہئیں، اگر آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو مجھے نماز پر لے آئیں اور اللّٰہ نے میری دعا قبول کر لی، اب میں پابندی سے نماز پڑھتی ہوں، یہ میری بہتری کے لیے ہے، نماز انسان میں نظم و ضبط پیدا کرتی ہے اور اسے برائیوں سے بچاتی ہے۔
نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ میں آج بھی ایمان اور روحانی تعلق کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہوں۔