پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی کو اقتدار میں لانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ میاں نواز شریف کا مطالبہ اچھا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پھر میاں نواز شریف کا بھی احتساب ہونا چاہیے کہ اِنہیں اور ان کی پارٹی کو اقتدار میں کون لایا تھا۔
واضح رہے کہ جیو جیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا تھا کہ جنرل فیض حمید کے بعد جنرل باجوہ کا بھی احتساب ہوگا۔
اس پر وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے ردِ عمل میں کہا کہ 2011ء سے لے کر 2018ء تک جن کرداروں نے تحریکِ انصاف کو پروموٹ کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ نو منتخب ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اکیلے مجرم نہیں، اِنہیں لانے والے بھی برابر کے شریک ہیں، اِن کا بھی حساب ہونا چاہیے، دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے خود چور ثابت ہوئے۔
نواز شریف نے کہا تھا کہ ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا، نفرت، فساد اور فتنے کو ضمنی انتخابات میں شکست ہوئی، ن لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیاناس کر دیا گیا، 2018ء سے 2022ء تک جو ہوا اس کی ذمے داری ان کے سر ہے۔