کراچی کے علاقے کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کے سافٹ ویئر باکس کی چوری میں ملوث مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر مسروقہ سامان برآمد کر کے کباڑی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے سافٹ ویئر باکس کی چوری میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 6 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کیمرے کا ڈسٹری بیوشن باکس مبینہ طور پر چوری ہو گیا تھا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ چوری ہونے والا ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں مدد کرتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی کی مدد سے ڈسٹری بیوشن باکس پر کام کیا جا رہا تھا، سیف سٹی کیمروں اور اس سے منسلک سامان میں کوئی سیکیورٹی یا الارم سسٹم بھی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس کافی اونچا اور وزنی ہے اسے چوری کرنا آسان عمل نہیں، ڈسٹری بیوشن باکس کیسے غائب ہوا، یہ معلوم کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں۔