بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر کے سسر کو برین ہیمرج کے باعث آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔
اداکارہ سوارا بھاسکر اور ان کے شوہر سیاسی رہنما فہد احمد نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے مشترکہ بیان میں بتایا کہ فہد کے والد، جو گزشتہ ہفتے برین ہیمرج کے باعث اسپتال میں داخل کیے گئے تھے، اس وقت آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔
دونوں نے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دعائیں اور نیک تمنائیں ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مشترکہ پوسٹ میں فہد احمد نے اپنے والد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے والد نے زندگی میں بے شمار لڑائیاں لڑیں اور ہمیشہ بے حد وقار، ہمت اور ایمان کے ساتھ جیتے۔ مشکل حالات کے باوجود ہمیں بہترین تعلیم اور بہترین مواقع فراہم کرنے میں کبھی کمی نہیں آنے دی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے سماجی کام کے کیریئر میں ان کے والد نے ہزاروں مریضوں کی مدد کی، اہم مواقع پر ان کے ساتھ کھڑے رہے اور انہیں صحت یابی کی طرف رہنمائی دی۔
فہد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج وہی شخص آئی سی یو میں اپنے سب سے مشکل معرکے کا سامنا کر رہا ہے، ہم عاجزانہ درخواست کرتے ہیں کہ آپ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ آپ کی دعائیں اور نیک تمنائیں ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہیں۔ اللّٰہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت اور طاقت عطا فرمائے۔
فہد احمد کے والد کی صحت کے حوالے سے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی ملاقات 2019 کے ایک احتجاجی مظاہرے میں ہوئی تھی۔ تین سال کی دوستی کے بعد دونوں نے فروری 2023 میں اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی۔
ستمبر 2023 میں سوارا نے اپنی پہلی بیٹی ربیعہ کو جنم دیا، حالیہ دنوں میں یہ جوڑی گیم شو ’پتی پتنی اور پنگا‘ میں بھی نظر آئی، جہاں وہ تیسرے رنرز اپ رہے۔