اسلام آباد ( نیو زر پورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی سلامتی کے نگہبان کے طور پر ان کی قیادت کا ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح تک پہنچانے میں بنیادی کردار ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس " پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس جرات مندانہ اور بہادرانہ قیادت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے جنگ کے مشکل ترین حالات میں مسلح افواج کو متحد، پوری قوم کو یکجا کیا اور وطن عزیز کے لیے تاریخی کامیابی یقینی بنائی۔وزیر اعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں توسیع پر دلی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ان کی شاندار قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات دشمن طیارے اور جدید میزائل دفاعی نظام تباہ کیے اور پاکستان کی فضائی برتری کو مزید مضبوط کیا، تمام قومی ادارے پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں، ان شاء اللہ، ہم مل کر اپنے وطن کے دفاع کو حقیقی معنوں میں ناقابل تسخیر بنائیں گے۔دریں اثناءوزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف ایئر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے،جمعہ کو وزارت دفاع سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر 1973 کے آئین کے آرٹیکل 243 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے سیکشن 8اے کےتحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کی منظوری دی ،یہ تعیناتی پانچ سال کیلئے ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔ اسی طرح وزارت دفاع نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 1973 کے آئین کے آرٹیکل 273 اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ 1953 کے سیکشن 10 بی کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ایئر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی،اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہو گا۔