وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کے دورے کے دوران ڈاکٹر کے بریفنگ نہ دینے پر لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے وضاحت طلب کر لی۔
وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے 25 نومبر کو فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمیوں کی عیادت کے لیے ایل آر ایچ کا دورہ کیا تھا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے وضاحت طلب کر لی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نے وزیرِ اعلیٰ کو بریفنگ دی نہ اپنا تعارف کروایا۔
نوٹس کے مطابق ڈاکٹر اس دوران نشست سے اٹھا بھی نہیں، آن ڈیوٹی ڈاکٹرکا یہ رویہ پروٹوکول اور کوآرڈی نیشن میں سنگین غفلت ہے، ڈاکٹر 3 دن میں وضاحت کریں، بصورت دیگر انضباطی کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وضاحت طلب کرنا اور جواب دینا معمول کا کام ہے، یہ ہوتا رہتا ہے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو نوٹس کا جواب دینا ہو گا۔